سائنس اِن سندھ‘‘ نئے سال کو سائنسی تعلیم کے طور پر منانے کا فیصلہ
سندھ میں سائنس ایجوکیشن کے فروغ کے لئے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے آئندہ تعلیمی سال سائنسی تعلیم کی اہمیت کے طور پر منانے کا فیصلہ کرلیا۔
سائنسی تعلیمی سال کے تحت’’سائنس اِن سندھ‘‘ کے عنوان سے آگہی مہم بھی چلائی جائے گی، صوبے بھر میں سائنسی میلے منعقد کیے جائیں گے۔
اس حوالے سےصوبائی وزیر سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم اور اسٹیم ورکنگ گروپس کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سائنسی تعلیم کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے دوران وزیر تعلیم نے ہدایات دیں کہ تعلقہ سطح کے اسکولز سے لے کر ڈویژنل سطح تک مرحلہ وار پروگرامز کیے جائیں۔
وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ اسکولز میں سائنس ایجوکیشن کے حوالے سے ٹیچرز اور والدین کی دلچسپی بڑھانے کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے ہونگے۔
سردار شاہ نے کہا کہ سائنسی تعلیم کے لیے STEM Education یعنی سائنس، ٹیکنالوجی، انجنیئرنگ اینڈ میتھمیٹکس طریقہ کار پر تعلیم دینا ضروری ہے۔
وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا تھا کہ سائنس ایجوکیشن کو فروغ سالانہ کیلینڈر بنانے اور تقریبات جاری رکھنے کیے لیے تجاویز پیش کی جائیں۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کو مارچ میں ہونے والے میگا ایونٹ میں شرکت کرنے کا موقع دیا جاۓ گا۔
وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ “سائنس اِن سندھ” میں نمایاں کاکردگی دکھانے والے بچوں کو مختلف مراعات اور اسکالرشپس بھی دی جائیں گی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ “سائنس اِن سندھ” میں نان فارمل ایجوکیشن طے طلباء کو بھی بھرپور موقع دیا جاۓ گا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے ہدایت دی کہ اسکولوں میں سائنس لیبز کو فعال رکھنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی، چیف پروگرام مینجر آر ایس یو ڈاکٹر جنید سموں، چیف ایگزیکیوٹو ایڈوائزر کریکیولم سندھ ڈاکٹر فوزیہ خان، تھر ایجوکیشن الائنس کے سی ای او پرتاب شیوانی، ایجوکیشن مینجر یونیسیف ابیر مقبول، ایجوکیشن اسپیشلٹ آصف ابرا، اسٹیم پالیسی یونٹ پاک الائینس فار میتھس اینڈ سائنس کی نمائندہ ثنا ہاظمی اور دیگر نے شرکت کی۔