سندھ حکومت نے نصراللہ گڈانی کے ورثا کو ایک کروڑ روپے کا چیک دے دیا
سندھ حکومت نے گزشتہ ماہ مئی میں ضلع گھوٹکی میں قتل کیے گئے صحافی نصر اللہ گڈانی کے ورثا کو ایک کروڑ روپے کا چیک دے دیا۔
سندھ حکومت نے گھوٹکی میں قتل کیے گئے صحافی کے ورثا کو کراچی میں بلاکر پریس کلب میں میڈیا کے سامنے امدادی چیک دیا
نصراللہ گڈانی کو 21 مئی 2024 کو گھوٹکی کے شہر میرپور ماتھیلو کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا، جس کے بعد ابتدائی طور پر انہیں پنجاب کے شہر رحیم یار خان اور بعد ازاں کراچی منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جاں بر نہ ہوسکے تھے اور 23 مئی کو خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔
28 مئی کو نصراللہ گڈانی کے قتل کا مقدمہ ان پر حملے کے آٹھویں روز درج کر لیا گیا تھا۔
قتل کا مقدمہ صحافی نصراللہ گڈانی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ میرپورماتھیلو میں 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، گزشتہ ہفتے پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
اب سندھ حکومت نے نصراللہ گڈانی کے ورثا کو ایک کروڑ روپے کی امدادی رقم فراہم کردی، اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیمل انعام میمن نے کراچی پریس کلب میں مقتول صحافی کے بھائی کو امدادی چیک دیا۔
نصراللہ گذانی کے بھائی محمد بخش گڈانی کو میڈیا کے سامنے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا گیا اور انہوں نے حکومت سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔