نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کےخلاف کراچی میں دھرنا

ضلع گھوٹکی میں گزشتہ ماہ قتل کیے گئے صحافی نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف مقتول صحافی کی والدہ پٹھانی کی قیادت میں صوبائی دارالحکومت کراچی میں احتجاجی دھرنا اور مظاہرہ دیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے کا آغاز کراچی پریس کلب سے ہوا جو کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب بڑھا لیکن پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو پی آئی ڈی سی چوک پر روک دیا، جہاں مظاہرین نے دھرنا دیا، بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی کی خاطری پر دھرنے کو معطل کیا گیا۔

تاہم مظاہرین نے دوسرے روز یعنی چار جولائی کو بھی اپنا دھرنا برقرار رکھا جب کہ مقتول صحافی کی والدہ پٹھانی کا کہنا تھا کہ بیٹے کے قاتلوں کی گرفتاری تک وہ کراچی کی سڑکوں پر دھرنے میں رہیں گے۔

دھرنے میں مقتول صحافی کے کم سن بیٹے بھی شریک تھے اور انہوں نے بھی قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کو گرفتار نہ کیے جانے تک وہ بھی کراچی کی سڑکوں پر احتجاج پذیر رہیں گے۔

نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں سندھ بھر کے صحافی، انسانی حقوق کے کارکنان، وکلا اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان شریک ہوئے۔