سندھ حکومت کا دریائے سندھ کے کنارے 9 اضلاع میں سوا لاکھ ہیکٹر پر درخت لگانے کا فیصلہ
سندھ حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے کے 9 اضلاع میں دریائے سندھ کے کنارے سوا لاکھ ہیکٹرز پر درخت لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے جنگلات کی بحالی کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی، جن کے تحت 2 اضلاع میں حکومت جبکہ 7 اضلاع میں نجی شعبے کی شراکت سے جنگلات لگائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے دارالحکومت میں کراچی پورٹ ٹرسٹ سے جام صادق پل تک ایکسپریس وے کی تعمیر کےلیے پروپوزل کو جلد حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے پینتالیسویں اجلاس میں جامشورو اور مٹیاری اضلاع میں دریائے سندھ کے کنارے 34ہزار 900 ہیکٹرز پر جنگلات لگانے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دیگر سات اضلاع میں اٹھاسی ہزار بائیس ایکڑ پر سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت سے جنگلات لگائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی پورٹ ٹرمینل سے جام صادق پل پر ملیر ایکسپریس وے تک ایکسپریس وے کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی۔