سندھ حکومت کی تمام اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے ڈبل کیبن گاڑیاں خریدنے کی تیاری
سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تعینات اسسٹنٹ کمشنرز ( اے سیز) کیلئے لگژری گاڑیاں خریدنے کی تیاری کرلی۔
محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن نے 2 ارب روپے جاری کرنے کیلئے محکمہ خزانہ کو خط لکھ دیا۔
خط سیکریٹری خزانہ فیاض احمد جتوئی کو ارسال کیا گیا، خط سیکشن افسر بجٹ فیض احمد پتافی کے دستخط سے جاری کیا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت 4 بائی 4 کی 138 ڈبل کیبن گاڑیاں خریدنا چاہتی ہے جو کہ سندھ بھر میں تعینات اسسٹنٹ کمشنرز کو دی جائیں گی۔
سندھ حکومت کی جانب سےخریدی جانے والی ایک گاڑی کی قیمت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے۔
محکمے نے وزارت خزانہ کو ہنگامی بنیادوں پر دو ارب روپے جاری کرنے کی درخواست کی۔
خط میں فوری طور پر رقم محکمہ بورڈ آف ریونیو کے اکاؤنٹ اے 09501 میں منتقل کرنے کی سفارش کی گئی، افسران کیلئے گاڑیاں خریدنے کیلئے رقم مختص کردی گئی تھی، رقم رواں مالی سال 2024 اور 2025کے بجٹ میں مختص کردی گئی تھی۔
تمام 138 لگژری گاڑیاں محکمہ بورڈ آف ریونیو خریدے گا جو بعد میں اسسٹنٹ کمشنرز کو فراہم کی جائیں گی۔