سندھ پریمئر لیگ کو صوبے کے بجائے بیرون ملک قطر میں کرانے کا فیصلہ
سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا ایڈیشن صوبے کے بجائے بیرون ملک قطر میں منعقد کرانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی رضا مندی کے بعد سندھ حکومت نے ایونٹ کے بیرون ملک انعقاد کی اصولی منظوری دے دی۔
گزشتہ ہفتہ لیگ کا وفد صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی ملا تھا۔
وفد لیگ کو قطر میں منعقد کرانے کا خواہاں تھا جبکہ سندھ حکومت کی تجویز تھی کہ ایونٹ کے مقابلے کراچی اور حیدرآباد میں ہوں۔
بعد ازاں وفد سے ملاقات میں سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے صوبائی حکومت کے موقف کو دہرایا تھا۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی طرف سے لیگ کو قطر میں منعقد کرنے کی اجازت مل گئی ہے، یہ فیصلہ کراچی اور حیدرآباد میں سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے کیا گیا۔
ایونٹ میں بینظیر آباد لالز، حیدرآباد بہادرز، کراچی غازی، لاڑکانہ چیلنجرز، سکھر پیٹرولائٹس، اور میرپور خاص ٹائیگرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔