عدالتی حکم پر نصراللہ گڈانی قتل کیس کے تفتیشی افسر دوسری بار تبدیل

IMG-20240704-WA0007

سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر سندھ پولیس نے مقتول صحافی نصر اللہ گڈانی کیس کے تفتیشی افسر کو دوسری بار بھی تبدیل کردیا۔

نصراللہ گڈانی کو مئی میں ضلع گھوٹکی میں قتل کیا گیا تھا اور ابتدائی طور پر ان کے قتل کی تفتیش میرپور ماتھیلو پولیس کے پاس تھی، جس پر مقتول کی والدہ نے اعتراض کیا تھا۔

مقتول کی والدہ کے اعتراض کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس نے ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ آف پولیس ( ڈی ایس پی) سراج لاشاری کو تفتیشی افسر مقرر کیا تھا

تاہم مذکورہ تفتیشی افسر پر بھی ورثا نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کیس کو دوسرے ضلع منتقل کرنے کی اپیل بھی کی، جس پر عدالت نے پولیس کو تفتیشی افسر ہٹانے کا حکم دیا۔

ڈی آئی جی کرائم اینڈ انوسٹی گیشن برانچ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہاگیا ہےکہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے حکم کے مطابق دوسری مرتبہ صحافی نصراللہ گڈانی قتل کیس میں تفتیشی آفیسر کو تبدیل کیا جارہا ہے۔

حکم نامے کے مطابق اب کیس کی تحقیقات ایس ایس پی ڈسٹرکٹ شہید بینظیر آباد تنویر حسین تنیو کو سونپ دی گئی۔