سندھ حکومت کا نرسنگ کونسل اور ہیلتھ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا اعلان
سندھ کی وزیر صحت اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کی پرو چانسلر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے صوبے میں صحت کی خدمات اور تحقیق کو مضبوط کرنے کے لیے سندھ نرسنگ کونسل اور سندھ ہیلتھ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا اعلان کردیا۔
جے ایس ایم یو کے چھٹے سینٹ اجلاس کے دوران ڈاکٹر پیچوہو نے کہا کہ ہمیں سندھ ہیلتھ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کو ترجیح دینی چاہیے، جو میڈیسن اور صحت سے متعلق علوم پر توجہ مرکوز کرے گا۔
وزیر صحت نے سندھ نرسنگ کونسل کے قیام کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے اس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ اس انسٹیٹیوٹ کے محققین کراچی کے کےاسپتالوں سے مواد جمع کریں گے ،تاکہ ایسے تحقیقی مطالعے کیے جا سکیں جو پالیسی بنانے کے لیے معلومات فراہم کریں۔
انہوں نے جے ایس یو میں انسٹی ٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز قائم کرنے کے ارادے کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے ان کے خیالات کی تائید کی اور اعلان کیا کہ یونیورسٹی میں فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز قائم کی جائے گی اور اس کے انتظامات کے لیے ایک ڈین مقرر کیا جائے گا۔