جیکب آباد میں پولیو ورکر سے مبینہ ریپ کرنے والا ملزم گرفتار
سندھ کے شمالی ضلع جیکب آباد میں مبینہ ریپ کا نشانہ بننے والی لیڈی پولیو ہیلتھ ورکر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ جہاں انہوں نے اپنے ساتھ زیادتی کا بیان دے دیا جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
گاؤں اللّٰہ بخش جکھرانی سے پولیو ورکر سے مبینہ ریپ کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم احمد جکھرانی کو گرفتار کیا گیا۔
جیکب آباد میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ظہور مری اور سینیئر سپرنٹینڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پی) سمیر نور چنہ نے پریس کانفرنس کی۔
ایس ایس پی کے مطابق خاتون پولیو ورکر کے ڈی این اے نمونے جامشورو منتقل کیے گئے ہیں جبکہ مقدمے میں زیادتی کی دفعہ شامل کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ریپ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ قبائلی معاشرے کے باعث خاتون اس وقت گھبرا گئی تھی، خاتون کو سیف ہاؤس منتقل کیا تاکہ آرام محسوس کرے اور حقیقت بیان کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت میں آج خاتون نے بیان دیا اور زیادتی کی تصدیق کی، اس موقع پر ڈی ایچ او اور تھانہ ایس ایچ او بھی پیش ہوئے۔
رپورٹ مکمل نہ ہونے پر عدالت نے واقعہ کی تفتیش کےلیے جے آئی ٹی ٹیم تشکیل دے کر لیڈی انسپکٹر مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ متاثرہ خاتون کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں بیان دینے کے بعد والدین کے حوالے کردیا گیا۔
دوسری جانب پولیو ورکر سے زیادتی کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو سیکنڈ سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے ملزم کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالت نے ملزم کے ڈی این اے سیمپل لے کر دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔