لاکھوں نوجوان رل گئے، سندھ حکومت نے ملازمت کے لیے عمر کی حد نہیں بڑھائی

سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمت کے لیے عمر کی حد نہ بڑھائے جانے پر صوبے بھر کے لاکھوں تعلیم یافتہ اور تجربے کار افراد سرکاری ملازمت کے لیے درخواستیں دینے سے محروم ہیں، اس سے لاکھوں لوگوں کا مستقبل خطرے میں پڑ چکا۔

سندھ نے جنوری 2023 میں سرکاری ملازمتوں کے لیے 15 سال کی عمر کی رعایت دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جو کہ 30 جون 2024 تک رہا، اس کے بعد تاحال حکومت نے مذکورہ فیصلے پر نظر ثانی نہیں کی۔

عام طور پر سندھ حکموت کے سرکاری محکموں میں بھرتی کے لیے عمرکی حد 18 سے 28 سال کےدرمیان ہوتی ہے، تاہم صوبائی حکومت ان میں 15 سال کی عمر کی رعایت دیتی آئی ہے، جس کے بعد 43 سال کی عمر کے افراد ملازمتوں میں درخواستیں دے سکتے ہیں۔

حال ہی میں سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے محکمہ تعلیم سمیت متعدد محکموں میں گریڈ 16، گریڈ 17 اور گریڈ 18 کی درجنوں ملازمتوں کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے لیے عمر کی حد 28 سال تک رکھی گئی ہے اور صوبائی حکومت کی جانب سے عمر کی حد میں رعایت نہ دینے کا فیصلہ نہ کیے جانے کی وجہ سے 28 سال سے زائد عمر امیدوار ملازمتوں میں درخواستیں دینے کے لیے نااہل قرار دیے گئے ہیں۔

سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ نوکریاں میں درخواستیں دینے کی آخری تاریخ اکتوبر کے اختتام تک ہے اور تاحال سندھ حکومت نے عمر میں رعایت دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، جس سے لاکھوں نوجوان پریشانی کا شکار ہیں۔