سندھ میں ملیریا فری پاکستان کے عملے کو تنخواہیں نہ دیے جانے کا انکشاف

نجی تنظیم انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی جانب سے عالمی تنظیموں کے تعاون سے شروع کی گئی ملک گیر ملیریا فری پاکستان مہم کے سندھ کے عملے کو تنخواہیں نہ دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت سندھ کے ضلع لاڑکانہ، بدین اور میرپور خاص میں ملیریا فری مہم چلائی گئی تھی۔

مہم کے دوران ہر ضلع میں تحصیل و یونین سطح پر عملہ بھرتی کیا گیا تھا، جنہیں رضاکار کا نام دیا گیا۔

عملے سے جولائی سے اگست 2024 کے درمیان علاقوں کا سروے اور پھر سروے شدہ گھرانوں میں مچھردانیوں سمیت مچھروں سے بچانے والی دیگر ادویات تقسیم کروانے کا کام لیا گیا۔

تاہم کام مکمل ہونے کے ڈھائی ماہ بعد بھی ملیریا فری پاکستان پروجیکٹ کے سندھ کے عملے کو تنخواہیں نہیں دی گئیں۔

مذکورہ پروجیکٹ میں بطور رضاکار خدمات سر انجام دینے والے لاڑکانہ کے ایک عملداری نے بتایا کہ انہیں ڈھائی ماہ سے مسلسل اسرے دیے جا رہے ہیں لیکن انہیں معاوضہ فراہم نہیں کیا جا تہا۔

عملداری کے مطابق پروجیکٹ کے ضلعی کو آرڈینیٹرز سمیت ڈویژنل اور ضلعی تھیکوآرڈینیٹرز کو باقاعدگی سے تنخواہیں دی جا رہی ہیں لیکن انہیں معاوضہ فراہم نہیں کیا جا رہا۔

عملدار کا کہنا تھا کہ معاوضہ نہ ملنے پر ضلع لاڑکانہ کے 2100 رضاکار پریشانی کا شکار ہیں۔

دوسری جانب ضلع بدین اور میرپورخاص کے رضاکاروں نے بھی تاحال معاوضہ نہ ملنے کی شکایت کی۔

رضاکاروں کا کہنا تھا کہ انہیں معاوضہ فراہم کرنے کا انکار نہیں کیا جاتا لیکن مسلم ڈھائی ماہ گزر جانے کے باوجود انہیں معاوضہ فراہم نہیں کیا جا رہا۔

اس ضمن میں ملیریا فری پاکستان کے ضلعی کوآرڈینیٹرز سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔