سندھ کے سوا لاکھ پرائمری اساتذہ کو اگلے گریڈ میں ترقیاں دینے کا فیصلہ
سندھ میں تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، صوبائی حکومت نے ایک لاکھ پندرہ ہزار اساتذہ کو ترقی دینے کا فیصلہ کرلیا، اس فیصلے سے صوبے کے تعلیمی نظام میں بہتری آنے کی امید ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصلے کے تحت پرائمری ٹیچرز کو ٹائم سکیل کے مطابق 16 اور 17 گریڈ میں ترقی دی جائے گی۔
فیصلے کے مطابق11 ہزار 581 اساتذہ کو 17 گریڈ میں چیف پرائمری ٹیچرز کا عہدہ دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں، 28 ہزار 951 اساتذہ کو 16 گریڈ میں ترقی دے کر سینئر پرائمری ٹیچر تعینات کیا جائے گا۔ باقی ماندہ اساتذہ کو 14 ویں گریڈ میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیر تعلیم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ایک سمری بھی ارسال کر دی ہے۔ اس فیصلے سے صوبے کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں گی۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس فیصلے سے اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ مزید محنت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔