سندھ انفارمیشن کمیشن کا آرٹس کونسل کراچی کو معلومات فراہم کرنے کا حکم

سندھ انفارمیشن کمیشن نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو معلومات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

سندھ انفارمیشن کمیشن نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو 2 ہفتوں کے اندر مبشر میر کی درخواست کے مطابق تمام مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا۔

مبشر میر جو کہ دی آرٹس فورم نامی تنظیم کے صدر بھی ہیں، انہوں نے اپنی درخواست میں آرٹس کونسل کی مختلف سرگرمیوں اور مالی معاملات سے متعلق تفصیلی معلومات طلب کی تھیں۔

انہوں نے سال 2001 سے 2023 تک کے جنرل باڈی اجلاسوں کے فیصلے، بائی لاز میں کی گئی ترامیم، ممبران کی مکمل فہرست، مرحومین کے ممبرشپ نمبرز اور ملازمین کی تنخواہوں کی تفصیلات کا مطالبہ کیا تھا۔

لیکن آرٹس کراچی نے مقررہ وقت میں انہیں معلومات فراہم نہیں کی تھیں، جس کے بعد انہوں نے سندھ انفارمیشن کمیشن سے رابطہ کیا تھا۔

سندھ انفارمیشن کمیشن نے مبشر میر کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے آرٹس کونسل کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ مقررہ مدت میں تمام مطلوبہ معلومات فراہم کرے۔