گلوکارہ صبا سحر کو پسند کی شادی کے بعد اہل خانہ سے قتل کی دھمکیاں

سندھی لوک نوجوان گلوکارہ صبا سحر نے انکشاف کیا ہے کہ پسند کی شادی کے بعد انہیں والدین اور بھائیوں سمیت خاندان کے دوسرے افراد قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں، انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
صبا سحر نے شوہر ہدایت اللہ خاصخیلی کے ہمراہ ضلع مٹیاری میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پولیس اور اعلیٰ انتظامیہ سے تحفظ کی اپیل کی۔
صبا سحر نے سندھی زبان میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایک ماہ قبل ہی ہدایت اللہ خاصخیلی سے محبت کی تھی، جس پر ان کے اہل خانہ ناراض ہیں۔
گلوکارہ کے مطابق ان کی شادی پر نہ صرف بھائی اور والد بلکہ والدہ بھی ناراض ہیں جب کہ خاندان کے دوسرے افراد کو بھی ان کی شادی پر اعتراض ہے۔
صبا سحر کا کہنا تھا کہ وہ سمجھدار اور بالغ ہیں، انہوں نے اپنی پسند سے محبت کی شادی کی اور وہ شادی سے بہت خوش ہیں، انہیں اہل خانہ سے تحفظ فراہم کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں صبا سحر نے بتایا کہ شادی کے بعد اب وہ گلوکاری کو خیرباد کہ دیں گی۔
انہوں نے حکومت سندھ کے اعلیٰ حکام اور پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، ان کے نکاح نامے کے مطابق صبا سحر نے حیدرآباد میں گزشتہ ماہ اکتوبر کےپہلے ہفتے میں نکاح کیا۔
صبا سحر کا شمار سندھی زبان کی ابھرتی ہوئی گلوکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ اپنی خوبصورتی، ڈانس اور آواز کی وجہ سے نئی نسل میں مقبول ہیں۔