سندھ بھر میں 11 ماہ کے اندر ساڑھے تین ہزار پولیس مقابلوں کا انکشاف

سندھ پولیس کے مطابق صوبے بھر میں رواں برس ابتدائی 11 ماہ میں 3 ہزار 618 پولیس مقابلے ہوئے۔ جن میں دہشت گردوں، ڈکیتوں، اغواکاروں اور ٹارگٹ کلرز سمیت 344 ملزمان ہلاک اور 26 ہزار 597 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

مذکورہ مقابلوں میں پولیس کے 35 جوان شہید اور 137زخمی بھی ہوئے، اس دوران مختلف اقسام کے 9 ہزار 322 ہتھیار ، دستی بم، آئی ای ڈیز ،بم بنانے کا سامان اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

سندھ پولیس کے ریکارڈ کے مطابق سال 2024 میں یکم جنوری سے 15 نومبر تک سندھ بھر میں 3 ہزار 618 پولیس مقابلے ہوئے جن میں 344 ملزمان ہلاک ہوئے۔

ہلاک ملزمان میں 323 ڈکیٹ، 9 دہشت گرد، 2 ٹارگٹ کلرز ، 5 نوٹیفائیڈ ڈکیٹ، 2 ہائی وے پر لوٹ مار کرنیوالے ڈکیت اور 3 اغوا کار شامل ہیں، اس دوران 1 ہزار 677 گینگز کو ختم کیا گیا، جب کہ 6 ہزار 826 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق مقابلوں میں 19ہزار 655 ڈکیٹ ، 4 دہشت گرد، ایک ٹارگٹ کلر، 8 نوٹیائیڈ ڈکیٹ، 79 اغواکار اور ہائی وے پر ڈکیتی کرنے والے 24 ڈکیت گرفتار کیے گئے۔

پولیس کے مطابق رواں برس80 بھتہ خوروں، 30 ہزار 748 مفرور اور اشتہاری ملزمان اور 794 پتھاریداروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمان سے مختلف اقسام کے 9 ہزار 322 ہتھیار برآمد کیے گئے جن میں 5 اینٹی ائیر کرافٹ گن، 2 ایل ایم جی، 14جی تھری، 4 ایم پی فائیو، 165 ایس ایم جی، 406 شارٹ گن/رپیٹر، 184رائفل اور 8 ہزار 542 پستول/ریوالور/ماؤزر شامل ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق 2 آئی ای ڈیز، 33 دستی بم ،بم بنانے کا سامان اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔