سانگھڑ: بااثر شخص نے پالتو کتوں سے گدھوں پر حملہ کروادیا

ضلع سانگھڑ کے قصبے ورکشاپ میں ایک بااثر شخص نے اپنے پالتو بھوکے کتوں سے دو گدھوں پر حملہ کروادیا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملزم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
سندھی میڈیا کے مطابق ورکشاپ کے گاؤں قاسم بھنبھرو میں بااثر شخص امام علی ملاح نے ساتھیوں اعجاز اور نور حسن ملاح کے ہمراہ دو گدھوں پر اپنے پالتو بھوکے کتوں سے حملہ کروایا، جس سے ایک گدھا موقع پر ہلاک جب کہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
جن گدھوں پر حملہ کروایا گیا، وہ گدھے بھنبھرو برادری کے افراد کے تھے، جنہوں نے الزام عائد کیا کہ بااثر ملزمان نے بلاوجہ ان کے گدھوں پر کتوں کا حملہ کروایا۔
متاثرہ افراد عبداللہ بھنبھرو، رمضان ابوپوٹو، تصویر بھنبھرو، پیر بخش بھنبھرو، یاسین بھنبھرو، اتل ابوپوٹو، عرس بھنبھرو اور ریاض بھنبھرو نے بتایا کہ وہ گدھوں پر دور سے پینے کا پانی لانے کا کام کرتے تھے لیکن ملزمان نے ان کے گدھوں پر حملہ کرواکر انہیں ہلاک کیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کتوں کا حملہ کروانے والے بااثر ملزمان کا تعلق صوبائی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے ہے، اس لیے ان کی کہیں شنوائی نہیں ہو رہی۔
دوسری جانب جن افراد پر الزام عائد کیا جا رہا ہے، ان میں سے ایک ملزم نور حسن ملاح نے گدھوں پر کتوں کا حملہ کروانے کے الزامات مسترد کردیے۔
سانگھڑ میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کا معاملہ، مقدمہ درج، 5 افراد گرفتار
نور حسن ملاح کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی سنا ہے کہ گاؤں کے دو گدھوں کو کتوں نے حملہ کرکے مار دیا لیکن انہوں نے گدھوں پر کتوں کا حملہ نہیں کروایا۔
گدھوں پر کتوں کے حملے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اعلیٰ حکام سے تفتیش کرکے ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
خیال رہے کہ چند ماہ قبل اسی علاقے میں ایک بااثر شخص کی جانب سے اونٹنی کی ایک ٹانگ کاٹنے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جب کہ اس سے قبل بھی مذکورہ علاقے میں جانوروں پر تشدد کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔