سانگھڑ میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کا معاملہ، مقدمہ درج، 5 افراد گرفتار

ضلع سانگھڑ کے قصبے میں زمینوں میں اونٹ کے جانے کے بعد اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اپنی ٹوئٹ میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کی کاپی شیئر کرتے ہوئے گرفتار ملزمان کی تصویر بھی شیئر کی اور بتایا کہ گرفتار افراد کا تعلق دونوں پارٹیوں سے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انسانیت کو شرمانے والے واقعے پر حکومت کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی اور اونٹ کے مالکان کی پارٹی سمیت اونٹ کی ٹانگ کاٹنے والی پارٹی کے بھی افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔

سانگھڑ کے قصبے منڈھ جمڑاؤ میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کا واقعہ 14 جون کو سامنے آیا تھا، اونٹ کے مالک سومر بھن کٹی ہوئی ٹانگ لیکر پریس کلب سانگھڑ پہنچے تھے، جہاں انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ظالم بااثر غلام رسول شر نے اس کی زمین میں سے گزرنے پر بے زبان اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی۔

بااثر شخص کی جانب سے اونٹ کی ٹانگ کاٹ کر کٹی ٹانگ کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں جب کہ کٹی ٹانگ والے اونٹ کی ویڈیوز بھی وائرل ہونے کے بعد سندھ بھر کے سوشل میڈیا صارفین نے غم و غصے کا اظہار کیا۔