سندھ بجٹ: پولیس کی ہیلتھ انشورنس، اسلحہ کی خریداری اور تھانوں کی بہتری کے لیے خطیر رقم مختص

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئندہ مالی سال کے لیے تین ہزار 56 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا جس میں تنخواہوں میں 22 سے 30 فیصد تک کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔

بجٹ میں امن و امان کے قیام سمیت پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

بجٹ میں تھانوں کی بہتری کے لیے بھی پیسے رکھے گئے ہیں، جس میں سے سندھ بھر کے سندھ کے 485 پولیس تھانوں کو بہتر بنانے پر 3 ارب 75 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

سندھ حکومت آئندہ مالی سال میں پولیس کے لیے ایک ارب 80 کروڑ روپے کا اسلحہ خریدے گی۔

اسی طرح ہجوم پر قابو پانے کے لیے 20 کروڑ روپے کے خصوصی آلات خریدے جائیں گے۔

پولیس فورس کی ہیلتھ انشورنس کے لیے 4 ارب 96 کروڑ روپے ، پولیس کی فرائض کی انجام دہی میں حوصلہ افزائی کے لیے 23 کروڑ روپے جب کہ سندھ میں ڈی این اے ٹیسٹ کی سہولت کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح سندھ کی جیلوں کی سیکیورٹی بڑھانے پر 21 کروڑ 25 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

جیلوں کی بہتری کے لیے مشینری، ہارڈویئر سافٹ ویئر اسلحہ خریدا جائے گا۔

سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کی خوراک پر 2 ارب 74 کروڑ 55 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔