سندھ بجٹ: کراچی پریس کلب کے لیے 7 کروڑ، کراچی آرٹس کونسل کے لیے 45 کروڑ روپے مختص
سندھ کا 30 کھرب 56 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا گیا، جس میں صحافیوں اور آرٹس کونسلز کے لیے بھی خطیر رقم رکھی گئی ہے۔
سندھ کے بجٹ میں صوبائی دارالحکومت کراچی کے آرٹس کونسل آف پاکستان کے لیے 45 کروڑ روپے کی خطیر رقم رکھی گئی ہے۔
کراچی آرٹس کونسل کو دی جانے والی رقم باقی صوبے کے تمام آرٹس کونسلز اور فنکار برادری کو دیے جانے والے فنڈز سے بھی زیادہ ہے۔
اسی طرح کراچی پریس کلب کے لیے بھی سندھ حکومت نے رقم 5 کروڑ روپے سے بڑھاتے ہوئے سات کروڑ روپے کردی۔
سندھ کے وزیر اطلاعات نے کراچی پریس کلب کے سالانہ فنڈز کو 10 کروڑ تک بڑھانے کا عندیہ دیا تھا لیکن کلب کے لیے 10 کے بجائے 7 کروڑ کے فنڈز رکھے گئے ہیں، اس سے قبل پریس کلب کو 5 کروڑ روپے ملتے تھے۔
کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ، سیکریٹری شعیب احمد اور اراکین مجلس عاملہ نے سندھ کے مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں کراچی پریس کلب کی گرانٹ گذشتہ سال سے بڑھا کر 7 کروڑ روپے کرنے پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دوسری جانب کراچی آرٹس کونسل کی باڈی نے بھی سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز بڑھانے پر شکریہ ادا کیا ہے۔