سندھ کے تاجروں کا ایئر کراچی کے نام سے ایئر لائن شروع کرنے کا اعلان

صوبائی دارالحکومت کراچی کی تاجر برادری نے ایئر کراچی کے نام سے نئی فضائی کمپنی شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمپبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق سینیئر نائب صدر حنیف گوہر کے مطابق کراچی کی کاروباری برادری نے ایئر کراچی کے نام سے ایئر لائن سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایئر کراچی کو سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ کرالیا گیا جبکہ ایئر لائن کے لائسنس کے لیے وفاقی حکومت کو بھی درخواست ارسال کردی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ کمپنی پہلے مرحلے میں تین طیارے لیز پر حاصل کرے گی اور کمپنی کو سی ای او سدرن کمانڈر ایئر وائس مارشل عمران چلائیں گے۔

اس کمپنی میں مشہور کاروباری شخصیات جیسے عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب اور ایس ایم تنویر کے علاوہ بشیر جان محمد، خالد تواب، زبیر طفیل اور حمزہ تابانی حصے دار ہیں۔

حنیف گوہر نے مزید بتایا کہ پانچ ارب روپے کی سرمایہ کاری سے شروع ہونے والی اس فضائی کمپنی کو چند دنوں میں لائسنس ملنے کا امکان ہے۔