سندھ حکومت کا ہاریوں کو موسمیاتی تبدیلی کی ٹریننگ دینے کا فیصلہ
سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کسانوں کو آگاہی،تربیت دینے، نئے واٹر کورسز بنانے، اسمارٹ سبسڈیز دینے، سولر لفٹ پمپنگ، لیزر اینڈ لیولنگ دینے، کراپ رپورٹنگ اور ایگریکلچر مارکیٹنگ کو بھی ڈیجیٹلائز کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر منصوبے بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
سندھ حکومت موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر کے ہاریوں کو آگاہی اور تربیت بھی فراہم کرے گی۔
اس ضمن میں وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر کی صدارت میں سندھ واٹر اینڈ ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن (SWAT) پراجیکٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
سردار محمد بخش مہر نے اجلاس میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کیلیے 9 اضلاع میں کسانوں کو آگاہی، تربیت دینے، نئے واٹر کورسز بنانے، اسمارٹ سبسڈیز، سولر لفٹ پمپنگ، لیزر اینڈ لیولنگ دینے،کراپ رپورٹنگ، ایگریکلچر مارکیٹنگ کو بھی ڈیجیٹلائزیشن کرنے کے ساتھ دیگر منصوبے بھی شروع کرنے کے فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں سیکریٹری زراعت نے اسی حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ کے 9 اضلاع میں پرو گرام شروع کئے جائیں گے۔
سیکریٹری زراعت نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 185 نئے واٹر کورسز بنائے جائیں گے۔ 500 واٹر کورسز کی لائننگ جلد مکمل کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ کسانوں کو ایک لاکھ ایکڑ پر اسمارٹ سبسڈی دی جائے گی۔ 14ہزار 575 ہاریوں کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے آگاہی اور تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو پانی، یوریا کھاد، زرعی پیداوار بڑھانے اور بیج کے استعمال کی ٹریننگ دی جائے گی۔
وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ ایک ہزار ایکڑ پر ہاریوں کو دالوں، سبزی، آئل سیڈ اور باغات پر سبسڈیز دی جائیں گی جبکہ کسانوں کو سندھ میں مزید 900 ایکڑ پر ڈرپ ایریگیشن سسٹم لگا کر دیے جائیں گے، سندھ حکومت کسانوں کو جدید زرعی آلات، زرعی بیج اور کھاد خریدنے کے لیے مالی امداد فراہم کررہی ہے۔