سندھ کابینہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر فوتی کوٹہ ختم کردیا

سندھ کابینہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر فوتی کوٹہ ختم کرنےکی منظوری دے دی۔

سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر متعلقہ سیکرٹریوں نے شرکت کی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے 26 ستمبر 2024 کو ایک حکم نامہ جاری کیا تھا، جس کے تحت عدالت عظمیٰ نے سندھ سول سرونٹس (تقرری، پروموشن اینڈ ٹرانسفر) رولز 1974 کے رول 11-A کے تحت متوفی کوٹہ کے تحت بھرتیوں کو امتیازی اور آرٹیکل 3، 4، 5 (2)، 18، 25(1) اور 27 کے منافی قرار دیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے پیش نظر کابینہ نے سندھ سول سرونٹس (تقرری، ترقی اور تبادلے) رولز 1974 سے رول 11-A کو حذف کرنے کی منظوری دے دی۔

دیہی آبادی کو صاف پانی اور صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمپنی کے قیام کی منطوری بھی دی گئی۔

سندھ کابینہ نے سندھ پیپلز رورل سوک سروسز کے قیام کی منطوری دی، وائس چانسلرز کے تقرر کے طریقہ کار میں تبدیلی کی بھی منظوری دے دی گئی۔

سندھ کابینہ نے سندھ آئی ٹی کمپنی کے قیام کے قواعد میں ترمیم کی منظوری بھی دے دی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں سکھر آئی بی اے کے ساتھ جنرل اسکریننگ ٹیسٹ کے انعقاد کے ایم او یو کی توسیع کردی گئی، شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں شہید بینظیربھٹو انسٹیٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ فیڈرلزم کے قیام کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے مالی سال 25-2024 کے دوران انسٹیٹیوٹ کے لیے 300 ملین روپے کی منظوری بھی دی۔