سندھ میں ایک بار پھر تعلیمی سیشن کا دورانیہ تبدیل، نئے سیشن کا آغاز اپریل سے ہوگا
محکمہ تعلیم سندھ نے آئندہ تعلیمی سیشن 2025 یکم اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ سیشن کا سلیبس 25 فیصد کم کر دیا.
فیصلے کے تحت رواں سیشن 2024 کے پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کے علاوہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات بھی صرف 75 فیصد سلیبس سے لیے جائیں گے۔
فیصلے کا اطلاق سرکاری و نجی اسکول اور کالجز پر ہوگا۔
۔محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی ضمنی کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا ہے جس کے باقاعدہ منٹس (روداد) بھی 5 دسمبر کو نوٹیفائی کر دی گئی۔
علاوہ ازیں اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موسم سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے31 دسمبر تک ہوں گی۔
محکمہ اسکول و کالج تعلیم کی جانب سے چھٹیوں کا نوٹی فکیشن اگلے ہفتے جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس اور سیکریٹری جنرل غلام مصطفیٰ کاکا نے اسٹیرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کے فیصلوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فیصلے زمینی حقائق کے برعکس ناقابل فہم اور ناقابل عمل ہیں۔
رہنماؤں کے مطابق فیصلہ کرنے والوں کو معلوم ہی نہیں کہ انٹر کی کلاسز کب شروع ہوئی نصاب کی کیا صورتحال ہے اور نصاب ختم کب ہوگا۔
سپلا کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ انٹرمیڈیٹ کے نصاب کو کم کرنے کی قطعا ضرورت نہیں ہے۔ اس لیے کہ انٹرمیڈیٹ کا نصاب مارچ کے اختتام پر ختم ہو جائے گا۔