سندھ میں 50 سال سے نافذ فوتی کوٹہ ختم
سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں پچاس سال سے سرکاری ملازمتوں میں نافذ فوتی کوٹہ باضابطہ طور ختم کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
سپریم کورٹ نے ستمبر 2024 میں سندھ سمیت تمام صوبائی اور مرکزی حکومت میں نافذ فوتی کوٹہ کو ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتی حکم کے بعد سندھ کابینہ نے رواں ہفتے فوتی کوٹہ کو ختم کرنے کی منظوری دی تھی۔
عدالتی حکم کے بعد سندھ میں متوفی کوٹا پر سرکاری ملازمتیں دینے پر پابندی عائد
سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد چیف سیکریٹری سندھ نے 1974 سے نافذ فوتی کوٹہ کو ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
سندھ کابینہ فیصلے کے بعد چیف سیکریٹری آفس نے تمام محکموں کو آگاہ کرتے ہوئے حکم نامہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی محکمے میں فوتی کوٹہ کے تحت بھرتیاں نہ کی جائیں۔
سندھ کابینہ نےفیصلے کے منٹس تمام محکموں کو ارسال کردیے ہیں۔
سندھ کابینہ نے عدالتی فیصلے کے بعد رواں ہفتے سندھ سول سرونٹس رولز 1974 سے شق 11 اے کو حذف کرنے کی منظوری دی تھی، جس کے تحت فوتی کوٹہ پر بھرتیاں نہیں ہو سکیں گی۔
گزشتہ پچاس سال سے سندھ سمیت دیگر صوبوں میں بھی دوران ملازمت انتقال کرنے والے سرکاری ملازم کے ایک بچے کو فوتی کوٹے پر بھرتی کیا جاتا رہا ہے۔