سندھ اسمبلی میں ینگ پارلیمنٹیرین فورم کا قیام

1417875_9037370_6_updates

قومی کے بعد سندھ اسمبلی میں بھی حالیہ ایوان کے لیے ینگ پارلیمنٹرین فورم قائم کردیا گیا، جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے ینگ پارلیمنٹرین فورم قائم کر دیا، جس میں 40 سال کی عمر تک کے پچاس ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے وائی ایف پی کے قیام کی منظوری دی، جس کے بعد اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

ینگ پارلیمنٹرین فورم میں صوبائی وزیر جام خان شورو، بیرسٹر ہالار وسان، عادل انڑ، مخدوم محبوب زمان، پارس اور دیگر ارکان شامل ہیں۔

حالیہ ینگ پارلیمنٹیرین فورم اسمبلی کی آئینی مدت تک رہے گا، ہر اسمبلی نئے فورم کا قیام عمل میں لاتی ہے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں بھی یہی فورم وہاں کے ارکان پر مشتمل ہوتا ہے جب کہ دیگر صوبائی اسمبلیوں میں بھی فورم تشکیل دیے جاتے ہیں۔

ینگ پارلیمنٹیرین فورم دراصل 2003 سے قائم ہونے والا نوجوان پارلیمنٹیرینز کا پلیٹ فارم ہے جو انتخاب کے وقت 40 سال یا اس سے کم عمر کے ارکان پر مشتمل ہوتا ہے۔

اس فورم کا مقصد نوجوان قانون سازوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ آئیڈیاز شیئر کرسکیں، اپنے قانون سازی اور قیادت کے ہنر کو بہتر بنا سکیں اور بین الصوبائی نیٹ ورک تشکیل دے سکیں۔

فورم کا مقصد نوجوان قانون سازوں کو ان مسائل کو سمجھنے میں مدد کرنا اور انہیں بہتر قانون ساز بننے کے لیے ضروری علم اور ہنر سے لیس کرنا ہے۔ نوجوان پارلیمنٹیرین فورم نوجوان قانون سازوں کو قیادت کے ہنر فراہم کرکے پاکستان کے سیاسی نظام میں تبدیلی کا باعث بننے اور بامعنی اصلاحات کے پیش رو بننے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔

حالیہ انتخابات میں بڑی تعداد میں نوجوان پارلیمنٹیرینز منتخب ہوئے ہیں، جن میں سے بہت سے پہلی بار قانون ساز ہیں۔ یہ ان کے جوش و خروش کو استعمال کرنے اور انہیں بہتر قانون ساز بننے کے لیے ضروری ہنر اور صلاحیتوں سے لیس کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔