سندھ حکومت کا کراچی سے سکھر تک بلٹ ٹرین چلانے کا عندیہ
سندھ حکومت نے صوبائی دارالحکومت کراچی سے سکھر تک غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحت بلٹ ٹرین چلانے کا عندیہ دے دیا۔
سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل میمن نے کراچی میں میڈیا سے بات کے دوران کہا کہ کچھ غیر ملکی سرمایہ کاروں سے بلٹ ٹرین سمیت ٹرانسپورٹ سے متعلق منصوبوں پر بات ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں کراچی سے حیدر آباد اور پھر حیدر آباد سے سکھر تک بلٹ ٹرین یا اسپیڈ ٹرین شروع کرنے کی بات ہوئی، سرمایہ کاروں نے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنک بسوں سے متعلق بھی کہا گیا کہ یہ کیسے ہوگا لیکن ہم نے پروجیکٹ شروع کردیا، پنک ٹیکسی پروجیکٹ شروع کرنے کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرین لائن چل رہی ہے، اورنج لائن بن چکی، ریڈ اور یلو لائن پر کام چل رہا ہے، بی آر ٹی بنانے کے دوران بہت ساری یوٹیلیٹیز بھی منتقل کرنا ہوتی ہیں یہ بھی تاخیر کی وجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھابیجی کے اسپیشل اکنامک زون میں مقامی لوگوں کو 50 ہزار ملازمتیں دی جائیں گی، دھابیجی اکنامک زون میں بھی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے، غیرملکی سرمایہ کاروں کا حکومت سندھ پر اعتماد بحال ہے، ملک میں سب سے سستی بجلی تھرپارکر میں کوئلے سے بن رہی ہے۔