دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کے خلاف سندھ بھر میں شٹر بند ہڑتال

دریائے سندھ سے مزید کینال نکالنے کے مجوزہ منصوبے کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) سمیت دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کی اپیل پر کراچی سے کشمور تک صوبے کے مختلف شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

صوبائی دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں سمیت حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد ڈویژن کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں شٹر بند ہڑتال کی گئی، بعض شہروں اور علاقوں میں مکمل طور پر دکانیں اور بازار بند رہے۔

شٹر بند ہڑتال کے موقع پر شہروں کے مختلف مقامات پر پولیس نفری معمول سے زائد تعینات کی گئی تھی۔

ٹھٹہ، مکلی، گھارو،گجو اور دھابیجی سمیت دیگر علاقوں میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کی گئی۔

سبزی مارکیٹ، گوشت مارکیٹ ،ہوٹل اور پیٹرول پمپ سمیت تمام کاروباری مراکز مکمل بند رہے۔

جامشورو شہر میں بھی کاروباری مراکز، سبزی منڈی سمیت تمام کاروباری علاقے بند رہے۔

ٹنڈومحمدخان شہر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی۔ اس کے علاوہ مٹیاری، سجاول، میہڑ، نوشہروفیروز، ڈگری اور نوکوٹ سمیت دیگر شہروں میں بھی کاروباری مراکز بند رہے۔

دریائے سندھ سے مزید کینال نکالنے اور چولستان نہر کے خلاف سندھ بھر میں کئی ہفتوں سے احتجاج جاری ہے جب کہ سندھ حکومت بھی دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف ہے۔