راشد محمود سومرو کا والد کے قاتلوں کو سزائے موت دلانے کے لیے ہائی کورٹ جانے کا اعلان
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے مقتول رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے بیٹے مولانا راشد محمود سومرو نے والد کے قاتلوں۔ کو سزائے موت دلانے کے لیے ہائی کورٹ جانے کا اعلان کردیا
ایک روز قبل 20 دسمبر کو سکھر کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج عبدالرحمٰن قاضی نے ڈاکٹر خالد محمود سومرو قتل کیس کا فیصلہ سنایا تھا، جس میں تمام 6 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔
ملزمان کو قتل اور دہشت گردی کے الزام میں عمر قید جبکہ اسلحے کے الزام میں 7، 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
ملزمان کو دو، دو بار عمر قید اور 10، 10 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
اب عدالتی فیصلے پر مولانا راشد محمود سومرو نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرم ثابت ہونے پر سزائے موت ہونی چاہیے تھی، جس کے لیے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
واضح رہے کہ 29 نومبر 2014 کو جے یو آئی رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو سکھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔