سکھر- روہڑی کے درمیان لینس ڈاؤن پل کے پاس برج العرب تعمیر کرنے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قونصل جنرل نے سکھر ۔ روہڑی لینس ڈاؤن پل کے پاس برج العرب تعمیر کرنے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔

متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیثی نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کے ہمراہ 16 جنوری کو روہڑی کی تاریخی لینس ڈاؤن پل کے قریب برج العرب کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ۔

اس موقع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ اور ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے لینس ڈاؤن پل کی تاریخی اہمیت اور اس کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے لینس ڈاؤن میوزیم کا بھی دورہ کیا جب کہ علاقے کی ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہاکہ یہ منصوبہ نہ صرف علاقائی ترقی میں معاون ثابت ہوگا بلکہ تاریخی اور ثقافتی ورثے کی بحالی اور سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

منصوبے کے تحت سکھر اور روہڑی کے درمیان دریائے سندھ کے دامن میں عرب ثقافت سے لبریز برج العرب کی ثقافتی عمارت تعمیر ہوگی۔