جیکب آباد کے 40 ڈاکٹرز و میڈیکل اسٹاف ملازمین ماہانہ 20 لاکھ کے عوض ڈیوٹیوں سے غائب

شمالی ضلع جیکب آباد میں ماہانہ 20 لاکھ روپے کے عوض 40 ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے کئی سال سے غیر حاضر ہونے کا انکشاف آیا ہے۔
جیکب آباد سے سال 2024 میں پولیو کے پانچ کیس سامنے آئے تھے جب کہ وہاں صحت کی دوسری سہولیات کا بھی فقدان پایا جاتا ہے۔
مقامی افراد شکوہ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ اسپتالوں میں عملہ موجود نہیں ہوتا، بعض اوقات خواتین کی ڈیلیوری اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈاکٹرز تک دستیاب نہیں ہوتے
اب ضلع کے 40 ڈاکٹرز کا ماہانہ 20 لاکھ کے عوض کئی سال سے ڈیوٹیوں سے غیر حاضر رہنے کا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔
روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق ایک رورل ہیلتھ سینٹر کے 19ویں گریڈ کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے 2021 سے غیرحاضر ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
اسی طرح جیک۔ آباد کے نواحی شہر میرپور کے رورل ہیلتھ سینٹر کا بھی زیادہ تر عملہ ڈیوٹیوں سے غائب ہے۔
ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈپٹی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ کو 31 اکتوبر 2024 کو ڈی ایچ او جیکب آباد نے جوائنگ کی تاریخ 29 مارچ 2021 سے ڈیوٹی سے مفرور ہونے سے متعلق وضاحت کے لئے 4 نومبر 2014 کو طلب کیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی مذکورہ ڈاکٹر ڈیوٹی کے پابند نہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر مبینہ طور پر ایک لاکھ ماہوار کے عوض ڈیوٹی سے آزاد ہے۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ مجموعی طور پر ضلع کے 40 ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف ماہانہ 20 لاکھ روپے کے عوض ڈیوٹیوں سے آزاد ہے اور یہ سلسلہ کئی سال سے جاری ہے۔