سندھ حکومت کا سیاحتی فروغ کے لیے کراچی سے تھر تک ڈیزرٹ سفاری ٹرین چلانے کا اعلان

سندھ حکومت نے صوبے میں سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے لیے دارالحکومت کراچی سے صحرائے تھرپارکر تک تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری چلانے نے کا اعلان کردیا۔

تھر ڈیزرٹ ٹرین کو آئندہ ماہ فروری سے چلائے جانے کا امکان ہے جو کہ ہر ہفتہ کو کراچی سے روانہ ہوگی۔

اس حوالے سے محکمہ سیاحت سندھ نے وفاقی وزارت ریلوے کے ساتھ تھر ڈیزرٹ ٹرین کیلئے ابتدائی بات چیت مکمل کرلی، کچھ ہی دن میں منصوبے کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔

دارثکراچی سے روانہ ہونیوالی ڈیزرٹ ٹرین حیدرآباد، میرپورخاص، چھور اور کھوکھرا پار تک جائے گی۔

تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری پر جانیوالے سیاح رات صحرائے تھر میں کیمپنگ کرینگے، 2 بزنس کلاس کوچز پر مشتمل سفاری ٹرین ایک دن بعد اتوار کو واپس کراچی پہنچا کرے گی۔

صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے صوبائی وزیر ثقافت وسیاحت ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ٹوورز آپریٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں سندھ کی ثقافت اجاگر کرنے اور سیاحت کے فروغ کے لیے کراچی سے تھرپارکر تک تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صوبائی وزیر ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ فروری کے دوسرے ہفتے سے کراچی سے کھوکھراپار تک تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا آغاز ہوگا۔