سیاسی و سماجی کارکن لیاقت جھتیال انتقال کر گئے

متحرک سیاسی و سماجی کارکن لیاقت علی جھتیال 68 برس کی عمر میں کینسر سمیت دیگر بیماریوں کے باعث کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔
لیاقت علی جھتیال کو ان کے متحرک کردار کی وجہ سے شہرت حاصل تھی، وہ دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں ناقص طرز حکمرانی، سندھ کے مسائل کے حل نہ ہونے اور سندھ میں غیر مقامی افراد کی آبادکاری کے خلاف تن تنہا بھی لاؤڈ اسپیکر لے کر احتجاج ریکارڈ کرواتے تھے۔
لیاقت علی جھتیال کی پیدائش ضلع دادو میں ہوئی تھی، تاہم وہ جوانی میں ہی دارالحکومت کراچی منتقل ہوئے تھے، جہاں انہوں نے گلشن حدید کے علاقے میں رہائش اختیار کی۔
لیاقت علی جھتیال کا تعلق قومی عوامی تحریک (کیو اے ٹی) سے تھا اور انہیں سندھ کے دیرینہ مسائل کے خلاف کراچی بھر میں لاؤڈ اسپیکر کے ہمراہ احتجاج کرتے دیکھا جاتا تھا۔
لیاقت علی جھتیال زائد العمری سمیت دیگر طبی پیچیدگیوں کے باعث کچھ عرصے سے علیل تھے، انہیں کراچی کے مختلف اسپتالوں میں داخل بھی کرایا گیا۔
عمر کے آخری حصے میں ان میں کینسر کی بھی تشخیص ہوئی تھی جب کہ انہیں شوگر سمیت دیگر عارضے بھی لاحق تھے۔
لیاقت علی جھتیال نے سوگواروں میں بیوہ اور سات بچے چھوڑے ہیں، جن میں سے تین بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں اور تمام بچے شادی شدہ ہیں۔