سندھ حکومت نے اورینج اور گرین لائن بسز کے انتظامات سنبھال لیے

صوبائی دارالحکومت کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے گرین لائن اور اورنج لائن بس سروسز کا آپریشنل کنٹرول حکومت سندھ نے باضابطہ طور پر سنبھال لیا۔
گرین لائن اور اورنج لائن بس سروسز آپریشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر گارڈن کراچی میں آپریشنل کنٹرول سندھ کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
سی ای او پی آئی ڈی سی ایل وسیم باجوہ نے کنٹرول سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن کے حوالے کیا۔
تقریب میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال دایو، اورنج لائن اور گرین لائن بی آر ٹی کے حکام بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر سندھ کے سینئیر وزیرشرجیل انعام میمن نے خطاب میں کہا کہ گرین لائن اور اورنج لائن کی سندھ حکومت کو منتقلی پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مزید منظم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ حکومت سندھ بس سروسز کی بہتری اور پائیداری کے لیے پرعزم ہے تاکہ شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کراچی شہر کے لئے ایک مربوط اور موثر شہری ٹرانزٹ سسٹم تشکیل دیا جا رہا ہے۔ دونوں بی آر ٹی لائنز کو دیگر پبلک ٹرانسپورٹ سسٹمز کے ساتھ منسلک کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔