قمبر میں شادی سے انکار پر پولیس اہلکار کے ہاتھوں خاتون ٹیچر قتل

ؑضلع قمبر میں شادی سے انکار پر پولیس اہلکار منگیتر نے خاتون پرائمری اسکول ٹیچر کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم پولیس کانسٹبل فرید حاصلو نے اسکول جاتی اپنی منگیتر ٹیچر صدف حاصلو کو راستے میں قتل کیا۔
خاتون ٹیچر قمبر کے گاؤں راہوجا کے اسکول میں بچوں کو پڑھانے کے بعد اپنی ڈیوٹی کرنے کے بعد دیگر لیڈی ٹیچرز کے ہمراہ وین کے ذریعے واپس اپنے گھر لاڑکانہ شہر جارہی تھی کہ اس کے منگیتر پولیس کانسٹبل فرید حاصلو نے ساتھیوں کے ہمراہ انہیں وین سے اتار کر قتل کیا۔
ملزم دو ساتھیوں کے ہمراہ اسکوٹر پر سوار تھے، جنہوں نے وین کو روک کر خاتون ٹیچر کو اتار کر پسٹلوں کے فائر کرکے صدف حاصلو کو موقع پر ہی قتل کردیا، فائنرگ کے نتیجے میں قریب سے گزرنے والے ایک راہگیر قمبر عوامی تحریک کے رہنمامحبوب علی راہوجو بھی شدید زخمی ہوگئے، ملزمان واقعے کے بعد دیدہ دلیری سے فائرنگ کرتے ہوئے شہر میں فرار ہوگئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ملزم پولیس اہلکار فرید حاصلو جوکہ ضلع قمبر کے وگن پولیس تھانے میں تعینات ہیں، ان کی اپنی رشتےدار پرائمری ٹیچر صدف حاصلو کے ساتھ کچھ وقت پہلے منگنی ہوئی تھی جبکہ خاتون اپنے منگیتر پولیس اہلکار کے ساتھ شادی پر انکار کررہی تھین جس کے نتیجے میں انہوں نے فائرنگ کرکے ان کو قتل کیا۔
آخری اطلاعات تک قمبر سٹی پولیس تھانے یا کسی اور تھانے میں مقتولہ کے قتل کا مقدمہ درج نہیں ہوا تھا۔
نوجوان خاتون ٹیچر کے قتل کے بعد سوشل میڈیا پر مقتولہ کی تصاویر وائرل ہوگئیں اور سوشل میڈیا صارفین نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔