سندھ کی بیٹی عالیہ سومرو نے ورلڈ باکسنگ کا مقابلہ جیت لیا

صوبائی دارلحکومت کراچی سے تعلق رکھنے والی پروفیشنل باکسر عالیہ سومرو نے تھائی لینڈ میں کیریئر کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلی ہی فائٹ میں تھائی حریف کو ناک آؤٹ کردیا۔
ان کی کامیابی پر سندھ حکومت نے انہیں 10 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی پہلی خاتون پروفیشنل باکسر عالیہ سومرو نے مئی 2025 کے آغاز میں تھائی لینڈ میں تھائی حریف کو ناک آؤٹ کرکے شکست دی۔
تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں ہونے والی پروفیشنل باکسنگ فائٹ میں عالیہ سومرو نے مدمقابل تھائی باکسر سوتھیڈا گنایانوچ کو ناک آؤٹ کر کے فتح اپنے نام کی۔
ٹی ایل باکسنگ پرموشن کے تحت ورلڈ سائم سٹیڈیم میں عالیہ سومرو نے پروفیشنل باکسنگ کی دس راؤنڈز کی فائٹ کے چوتھے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کی۔
عالیہ سومرو کا تعلق لیاری کے علاقے کلاکوٹ سے ہے، ڈبلیو بی اے ایشیا کے 105 پونڈ کی کیٹگری میں کامیابی پانے والی عالیہ سومرو اس قبل کئی ممالک میں مقابلے جیت کر پاکستان کا نام بلند کر چکی ہیں۔
باکسر عالیہ سومرو پروفیشنل فائٹ جیتنے کے بعد کراچی ایئرپورٹ پہنچیں تو خاندان سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر عالیہ سومرو کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کے حق میں نعرے لگائے گئے، عالیہ سومرو قومی پرچم پہن کر ایئرپورٹ سے باہر نکلیں، ان کے ہاتھ میں جیتا ہوا بیلٹ بھی تھا۔
عالیہ سومرو کی اگست میں بھارتی خاتون باکسر کے ساتھ چیلنج فائٹ طے ہے، کامیابی کے بعد عالیہ سومرو نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، قوم کی دعاؤں اور سپورٹ سے انڈین باکسر کو بھی شکست دے کر اپنے ملک اور قوم کا نام روشن کرنے کی کوشش کروں گی۔