حیدرآباد: پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر 15 سال بعد حملہ، شوہر ہلاک، بیوی زخمی

IMG-20250515-WA0018

حیدرآباد میں 15 سال قبل پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر حملہ کرکے مرد کو قتل جب کہ خاتون کو زخمی کردیا گیا، دونوں کی عمریں 45 سال سے زائد ہیں۔

پولیس کے مطابق ہوسڑی تھانے کی حدود بیہن موری‘ کے قریب گوٹھ عدل نوناری لیبر فلیٹس کے علاقے میں 45 سالہ مسماۃ عظمت سولنگی اور اس کے شوہر 48 سالہ شفیق سولنگی ولد مرید سولنگی پر خاتون کے بھائی اور پہلے شوہر کے بیٹے نے گھر میں گھس کر کلہاڑیوں کے وار کرکے مرد کو قتل جب کہ خاتون زخمی کردیا، خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ زخمی خاتون کے مطابق 15سال قبل پسند کی شادی کرنے پر اس کا پہلے شوہر سے بیٹا اور اس کے بھائی ناراض تھے، انہوں نے ہی حملہ کر کے اسے زخمی اور شوہر کو قتل کردیا۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ ہوسڑی پولیس نے شفیع سولنگی کو قتل اور عظمت سولنگی کو زخمی کرنے کے الزام میں اس کے بھائی بلال سولنگی‘ بیٹے نور محمد سولنگی کو گرفتار کرلیا، تاہم پولیس نے گرفتاری ظاہر نہیں کی، مقتول شفیع کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔