وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کے گھر کو آگ لگانے کے مقدمات جی ڈی اے رہنماؤں پر درج

IMG-20250522-WA0052

ضلع نوشہروفیروز کے علاقے مورو میں وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار کے گھر کو نذر آتش کرنے کے مقدمات گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے ) کے رہنماؤں کے خلاف درج کرلیے گئے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کےگھر کو جلانےکے دو الگ الگ مقدمات درج ہوئے ہیں، سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں جی ڈی اے رہنما غلام مرتضی جتوئی اورمسرور جتوئی سمیت 14 ملزمان اور 30 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا۔

مقدمات کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ ( ایف آئی آر ) کے متن میں کہا گیا ہے کہ مرتضی جتوئی اور مسرور جتوئی و دیگر رہنماؤں کے کہنے پر لنجارہاؤس کو جلایا گیا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ لنجار ہاؤس پر حملے اور نذر آتش کیے جانے کے واقعے میں کروڑوں روپےکا نقصان پہنچا۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل سندھو دریا سے کینالز نکالنے اور کارپوریٹ فارمنگ کے تحت سندھ کی زمینیں دینے کے خلاف احتجاج کے دوران ہائی وے بلاک کیا گیا تھا، جسے کھلوانے کے لیے پولیس نے کارروائی کی تو کشیدگی ہوگئی تھی۔

کشیدگی کے دوران ایک نوجوان جاں بحق جب کہ متعدد زخمی بھی ہوگئے تھے، جس کے بعد مشتعل مظاہرین نے صوبائی وزیر داخلہ کے گھر کو آگ لگانے سمیت ٹینکرز اور ٹرکوں کو بھی نظر آتش کردیا تھا۔