مورو دھرنے میں مارے گئے عرفان لغاری کی قبر کشائی، دوبارہ آبائی قبرستان میں تڈفین

مورو دھرنے میں مارے گئے عرفان لغاری کی عدالتی حکم پر قبر کشائی کرکے، لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔
مقتول کی قبر کشائی 27 مئی کو کیے جانے کے بعد ان کی تدفین اسی روز آبائی گاؤں کے قبرستان میں کردی گئی۔
مورو کے قریب گوٹھ ماڑی بگھیو میں ملو محمد شاہ قبرستان میں لاوارث قرار دے کر دفن کیے گئے عرفان لغاری کی میت کی قبر کشائی سیشن جج نوشہروفیروز کے حکم پر فرسٹ سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ مدد علی کوسو کی نگرانی میں کی گئی۔
قبر کشائی کے دوران ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر مورو، ایس ایس پی نوشہروفیروز، ڈی ایس پی مورو، ڈی ایچ او نوشہروفیروز، ایم ایس مورو، درخواست گزار قربان لغاری، ورثاء، وکلاء برادری سمیت دیگر اداروں کے افسران موجود تھے۔
قبر کشائی کے بعد لاش کو ایمبولینس کے ذریعے گوٹھ لغاری بجارانی لے جایا گیا، جہاں جنازہ نماز ادا کر کے انہیں دفنا دیا گیا۔
لاش کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے ورثاء اور وکلاء نے مشاورت کے بعد ان کا پوسٹ مارٹم نہ کروانے کا فیصلہ کیا۔