سندھ حکومت کا گزشتہ تین سال کے اندر 93 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کا دعویٰ

images (1)

سندھ کی تاریخ میں پہلی بار تین سال کے اندر صوبے بھر میں 93 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

محکمہ تعلیم سندھ میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا 93 ہزار سے زائد پرائمری اسکول ٹیچرز اور جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز کی بھرتیوں کا عمل مکمل کر لیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ محکمۂ تعلیم کا حصہ بننے والے اساتذہ لگن اور ایمانداری کے ساتھ اپنی ذمے داریاں نبھائیں گے، بھرتیوں کے بعد اگلا مرحلہ اساتذہ کی پروفیشنل تربیت کا ہو گا تاکہ تدریسی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعتماد کی بدولت اب سندھ کے اسکولوں میں قابل اور اہل اساتذہ فراہم کرنے کا ہدف حاصل کیا گیا ہے، اساتذہ بھرتی مرحلے کے دوران 93 ہزار 118 اساتذہ کو آفر لیٹرز جاری کیے گئے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ تھرڈ پارٹی ٹیسٹ کے ذریعے میرٹ پر 65 ہزار 147 پرائمری اسکول ٹیچرز اور 27 ہزار 701 جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز کی بھرتی مکمل کی گئی جن میں 31 ہزار 75 خواتین اساتذہ کی بھرتی سے خواتین کو بااختیار بنانے کے سندھ حکومت کے اقدامات کو تقویت ملی ہے، جبکہ 1330 خصوصی افراد اور 2100 اقلیتی امیدوار بھی استاد بنے ہیں۔

سید سردار علی شاہ نے کہا کہ نئے تقرر ہونے والے نئے اساتذہ سندھ کے 41 ہزار 129 اسکولز کا حصہ بنے ہیں، اساتذہ کی بھرتیوں سے 5000 سے زائد اسکول فعال ہوئے ہیں اور اب سندھ میں کوئی بھی وائبل اسکول استاد نہ ہونے کی وجہ سے بند نہیں رہے گا۔