گوٹھ بجارانی لغاری میں پولیس کا محاصرہ، غربت و بیماری کے باعث ماں نے بیٹی سمیت خودکشی کرلی

IMG-20250703-WA0000

ضلع نوشہروفیروز کے شہر مورو کے گوٹھ بجارانی لغاری میں مسلسل ڈیڑھ ماہ سے پولیس محاصرے کے باعث غربت اور بیماری سے تنگ آکر خاتون فضیلہ لغاری نے اپنی تین سالہ بیٹی کے ہمراہ خودکشی کرلی۔

مقامی مکینوں کے مطابق گوٹھ بجارانی لغاری پر مئی کے اختتام سے پولیس کا گھیراوؐ ہے، گاؤں والوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، ان کی سرگرمیاں محدود کردی گئی ہیں، جس وجہ سے گاؤں میں غذائی قلت سمیت دیگر سہولیات کا فقدان بھی ہو رہا ہے جب کہ گاؤں کے لوگ روزگار نہ کرپانے کے باعث معاشی طور پر بھی کمزور ہوچکے ہیں۔

پولیس کے مسلسل محاصرے کے باعث گاؤں کے یومیہ مزدوری پر شہر جانے والے افراد کے گھروں میں فاقہ کشی ہے جب کہ گاؤں کے مکین غذائی قلت کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا شکار بھی ہو رہے ہیں۔

غربت اور بیماری سے تنگ آکر بجارانی لغاری کی خاتون فضیلہ لغاری نے تین سالہ بیٹی بھلی لغاری کے ہمراہ دریائے سندھ میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی، جس کے بعد سندھ بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

گاؤں والوں نے تلاش کے بعد فضیلہ لغاری کی لاش تلاش کرلی جب کہ دو دن گزر جانے کے باوجود ان کی بیٹی بھلی لغاری کی لاش تلاش نہ کی جا سکی۔

گاؤں والوں کے مطابق فضیلہ لغاری شدید کسمپرسی، غربت، فاقہ کشی اور بیماریوں کی زندگی گزار رہی تھیں، ان کے شوہر پولیس محاصرے کی وجہ سے بیروزگار تھے، جس وجہ سے تنگ آکر خاتون نے بیٹی سمیت خودکشی کی۔