چار سال قبل اغوا ہونے والی پریا کماری حکومتی دعووں کے باوجود بازیاب نہ ہوسکی

چار سال گزر جانے کے باوجود سکھر سے یوم عاشور پر اغوا ہونے والی کم سن ہندو بچی پریا کماری بازیاب نہ ہوسکی، سندھ حکومت، سندھ پولیس اور حکمرانوں کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
کم سن بچی کے لاپتہ ہونے پر والدین غم سے نڈھال ہیں، پریا کماری کی والدہ اور والد بیٹی کے نہ ملنے پر متعدد بیماریوں کا شکار بن چکے۔
پریا کماری 18 اگست 2021 کو سنگھرار، سکھر کے علاقے سے اس وقت غائب کی گئی جب وہ 10 محرم کو سبیل پلا رہی تھی۔
سات سال کی بچی جس کی عمر اس وقت لگ بھگ 11 سال کے قریب ہو چکی ہو گی۔ مسلسل 4 سال سے غائب ہے اور اس ملک کا قانون خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔
پریا کماری کے والد راجو مل نے سیکشن پولیس تھانے میں بیٹی کے اغوا کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) 13/2021 پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی شق نمبر 34/364 کے تحت درج کروائی اور پولیس نے بچی کی تلاش بھی شروع کردی لیکن دو سال میں کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہ نکلا۔