لیاری میں گرنے والی عمارت کا ریسکیو آپریشن تین دن بعد مکمل، اموات کی تعداد 27 ہوگئی

دارالحکومت کراچی میں لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے جاری طویل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن 50 سے زائد گھنٹوں بعد مکمل کر لیا گیا۔
مجموعی طور پر ڈیڑھ سالہ بچی سمیت11 خواتین سمیت 27 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ حادثے میں 11 افراد زخمی ہوئے۔
سول اسپتال انتظامیہ کی جانب سے لیاری بغدادی میں رہائشی عمارت زمین بوس ہونے کے واقعے میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کی فہرست جاری کر دی گئی۔
فہرست کے مطابق سانحہ میں مجموعی طور پر 27 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے، 26 افراد کو مردہ حالت میں اسپتال میں منتقل کیا گیا جبکہ 55 سالہ فاطمہ دورانِ علاج چل بسی۔
جاں بحق ہونے والوں میں ڈیڑھ سالہ بچی سمیت 11 خواتین اور 16 مرد شامل ہیں، حادثے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کو علاج معالجے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا، 30 سالہ ثانتیہ تاحال زیرِ علاج ہے۔
فہرست کے مطابق زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد کو سروں پر چوٹیں آئی تھیں۔
تین جولائی کی صبح لیاری کے علاقے بغدادی فدا حسین شیخا روڈ پر واقع 5 منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے جاری طویل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن 50 سے زائد گھنٹوں بعد 6 جولائی کو مکمل کیا گیا، عمارت کے ملبے تلے دبی آخری لاش 48 ویں گھنٹے میں ریسکیو کی گئی، لاش 15 سالہ محمد زید نامی لڑکے کی تھی جوکہ عمارت کے زینے سے نکال گئی۔
مذکورہ واقعے کو حالیہ سالوں میں عمار گرنے کا بدترین واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں 27 افراد جان کی بازی ہار گئے۔