تربیلا ڈیم کے اسپیل ویز کھولنے کے بعد دریائے سندھ میں کئی مقامات پر سیلاب کا خطرہ

تربیلا ڈیم کے تمام سپل وے کھولنے سے دریائے سندھ میں کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
وفاقی و صوبائی حکومتوں نے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے ، ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رہنے اورلوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔
دریائے سندھ میں پنجاب کے علاقوں میں چشمہ اور جناح بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب میں قادرآباد کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ جاری ہے۔
حیدرآباد میں نیو پھلیلی کینال میں 40 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا ۔ گھوٹکی میں قاضی نہر میں 25 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے نہر میں پانی کی ترسیل روک دی گئی۔
سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی بارشیں ہونے کے بعد طغیانی کی صورتحال ہے۔
دادو میں کیرتھر پہاڑی سلسلوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی سے گاج ندی میں 5 فٹ کا ریلا کاچھو میں داخل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے 10 جولائی سے سندھ میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی بھی کر رکھی ہے۔