سینئر صحافی حمید سندھو انتقال کر گئے

IMG-20250719-WA0000

سندھی صحافت میں تقریبا چار دہائیوں تک خدمات سر انجام دینے والے صحافی حمید چھجرو المعروف حمید سندھو کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 19 جولائی کو انتقال کر گئے۔

کسم پرسی اور بیماری کی وجہ سے انتقال کر نے والے حمید سندھو کی میت کو آبائی گاؤں منتقل کرنے کے لیے ان کے ادارے نے کوئی معاونت نہیں کی جب کہ صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے بھی ان کی میت کو منتقل کرنے کے لیے اہل خانہ سے کوئی تعاون نہیں کیا۔

حمید سندھو کے انتقال کے بعد میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد وزارت اطلاعات و نشریات نے ان کی لاش آبائی گاؤں روانہ کرنے کے لیے ایمبولینس سمیت اہل خانہ کے لیے دوسری گاڑی کے انتظامات کیے۔
حمید سندھو زندگی کے آخری ایام میں روزنامہ پنھنجی اخبار میں بظور سینئر سب ایڈیٹر خدمات سر انجام دے رہے تھے، ان کی رہائش کورنگی کراسنگ کے علاقے میں تھی۔

حمید سندھو نے 1990 میں صحافت کا آغاز کیا، وہ متعدد سندھی اخبارات، میگزینز اور ٹی وی چینلز سے وابستہ رہے، وہ متعدد سندھی اخبارات میں بطور رپورٹر اور بیورو چیف بھی خدمات سر انجام دیتے رہے۔

حمید سندھو نے روزنامہ عوامی آواز، کاوش، خبروں اور سوبھ سمیت دیگر اخبارات میں بھی کام کیا، وہ تقریبا گزشتہ پانچ سال سے روزنامہ پنھنجی اخبار سے وابستہ تھے۔

ان کے انتقال پر صحافی برداری میں غم کی لہر چھا گئی جب کہ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے بھی ان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

حمید سندھو کی تدفین ان کے آبائی شہر پیر جو گوٹھ میں کی جائے گی۔