بدین میں دادا نے غیرت کے نام پر پوتی کا سر تن سے جدا کردیا

ضلع بدین کے تھانہ ترائی کی حدود میں غیرت کے نام پر لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک بزرگ شخص نے اپنی نوجوان پوتی کو کاروکاری کے الزام میں قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گاؤں ابڑو میں پیش آیا، جہاں آدم ابڑو نامی شخص نے اپنی پوتی فہمیدہ ابڑو کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر ہلاک کر دیا۔ فہمیدہ کی عمر تقریباً 25 سال بتائی جا رہی۔
ذرائع کے مطابق قتل کے بعد ملزم آدم ابڑو خود تھانے پہنچا اور پولیس کے سامنے اپنی پوتی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
فہمیدہ کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی۔