سندھ حکومت کا یوم آزادی پر بہترین، گھر، دکان یا گاڑی کی سجاوٹ پر انعام کا اعلان

14-august

سندھ حکومت نے جشن یوم آزادی پاکستان کو بھرپور انداز میں منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم آزادی پر بہترین اور خوبصورت گھر۔، دکان، ہوٹل اور گاڑی سجانے والے کو انعام بھی دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں کنسرٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں عوام بھرپور شرکت کریں۔

انہوں نے بتایا کہ تقریبات میں مشاعرہ، رکشہ ریلی، انسانی پرچم کی تشکیل اور عوامی مقابلے شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وِنٹیج کار اور ہیوی بائیک ریلیاں، خواتین کے لیے میلوں اور پینٹنگ مقابلوں کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ ثقافت کو ہدایت دی گئی ہے کہ نغمہ سرائی کے مقابلے منعقد کرے۔ اس کے علاوہ 9 سے 11 اگست تک ہونے والا شاہ عبداللطیف بھٹائی میلہ بھی یوم آزادی کے جذبے کی عکاسی کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو تقریبات میں شرکت کے لیے باضابطہ دعوت نامے بھیجے جائیں گے جبکہ اسکولوں کا نظام متاثر نہیں ہوگا۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے بھی علیحدہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔