شاہ فیصل کالونی میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد، ادویات بھی فراہم کی گئیں

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں واقع لائف سول سوشل ویلفیئر میڈیکل سینٹر کی جانب سے یونائیٹڈ ویلفیئر میڈیکل سینٹر پر ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کراچی کے بڑے اسپتالوں کے ماہر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔
اس فری میڈیکل کیمپ میں لیاقت نیشنل اسپتال، جناح اسپتال، ایس آئی یو ٹی (SIUT)، این آئی سی ایچ (NICH) اور قومی ادارہ برائے امراض قلب (NICVD) سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ جات کے ماہرین نے سینکڑوں مستحق مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر ویلفیئر کے صدر ڈاکٹر غلام رضا لاکھو، نائب صدر ڈاکٹر سمینہ سلیم اور دیگر سینئر ڈاکٹرز جن میں ڈاکٹر سونم، ڈاکٹر جہانگیر، ڈاکٹر بتول اور ڈاکٹر سہیل لاکھو شامل تھے، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم سندھ بھر میں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کر رہی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر غلام رضا لاکھو کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری تمام کوششیں غریب اور مستحق عوام کی صحت کی بہتری کے لیے وقف ہوں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید ایسے کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
کیمپ میں آنے والے مریضوں اور اہل علاقہ نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک بڑی سہولت قرار دیا۔