سندھ حکومت نے ایک سال بعد امتحان پاس کرنے والوں کو ٹیچنگ لائسنس دے دیے

FB_IMG_1754060556224

سندھ حکومت نے امتحانات پاس کرنے کے ایک سال بعد صوبے بھر کے نجی و سرکاری اسکولوں کے اساتذہ سمیت تدریسی شعبے سے وابستہ افراد کو ٹیچنگ لائسنس دے دیے۔

ٹیچنگ لائسنس دینے کی تقریب وزیر اعلیٰ ہائوس میں منعقد کی گئی، جس میں ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو لائسنس سرٹیفکیٹس فراہم کیے گئے۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ سمیت صوبائی وزیر تعلیم سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداروں، شعبہ تعلیم سے وابستہ شخصیات اور گلوکار شہزاد رائے سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام شہریوں کو اپنے اساتذہ کی عزت کرنی چاہیے اور علم کی پیاس ان معلمین کے احترام کے ذریعے بجھانی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس قسم کا احترام معیاری تعلیم فراہم کر کے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مراد علی شاہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول اساتذہ، افسران اور ترقیاتی شراکت داروں کا خطے میں تعلیمی معیار کے لیے ان کی پائیدار وابستگی پر شکریہ ادا کیا۔

مراد علی شاہ نے یاد دلایا کہ تین سال قبل تدریسی لائسنس جاری کرنے کا خیال سردار شاہ کی جانب سے پیش کیا گیا اور کہا گیا تھا کہ لائسنس ان افراد کو دیے جائیں جو ہمارے مستقبل کو تشکیل دے رہے ہیں۔

تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 646 کامیاب امیدواروں کو تدریسی لائسنس دیے جن میں 297 جے ای ایس ٹی (جونیئر ایلیمینٹری اسکول ٹیچر) اور 195 پری سروس لائسنس شامل تھے۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً 4000 امیدواروں میں سے صرف 646 ہی امتحان میں کامیاب ہو سکے جس سے کامیابی کی شرح صرف 16 فیصد ظاہر ہوتی ہے،انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے بہت زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے حکومت کی اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ ٹیچر ایجوکیشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سٹیڈا) کے ذریعے انتہائی قابل اساتذہ متعارف کرائے جائیں گے۔