سندھ بھر میں اجرک کے ڈیزائن کی نئی نمبر پلیٹ لگوانے کی آخری تاریخ میں توسیع

number-plates

حکومت سندھ نے صوبے میں موٹر سائیکلوں کے لئے خصوصی فیچر کی حامل نئی نمبر پلیٹس کے حصول کی آخری تاریخ آگے بڑھا دی۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق خصوصی فیچر والی نمبر پلیٹ کی آخری تاریخ اب 14 اگست سے بڑھا کر 31 اکتوبر 2025 کردی گئی۔

حکام کے مطابق شہری 31 اکتوبر تک اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے لیے موجودہ نمبر پلیٹس استعمال کرسکتے ہیں، اس کے بعد خصوصی فیچر والی نمبر پلیٹ لگنا لازمی ہوگی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے وزیر ایکسائز مکیش چاؤلہ کی ملاقات ہوئی، بلاول بھٹو کی ہدایت پر نمبر پلیٹ کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔

صوبائی وزیر نے بلاول بھٹو کو بتایا کہ یہ اسکیم کراچی سے کشمور تک سندھ بھر کیلیے ہے، اب تک 20 لاکھ نئی نمبر پلیٹس جاری کرچکے ہیں۔

اس سے قبل مکیش چاولہ میڈیا کو بتا چکے ہیں کہ خصوصی فیچر کی حامل اجرک والی نمبر پلیٹ 2022 میں لانچ ہوئی، پچھلے 3 سال کے دوران ہزاروں گاڑیوں اور موٹرسائیکل کو یہ نمبر پلیٹ دی جا چکی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ یہ سکیورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹ ہے جو سیف سٹی پروجیکٹ سے منسلک ہے، پچھلے ایک سال سے میں اسمبلی کے فلور پر اور میڈیا کے ذریعے بتا چکا ہوں کہ مستقبل میں تمام شہریوں کو یہ والی نمبر پلیٹ لگانی ہوگی۔

مذکورہ نمبر پلیٹ پر صوبائی دارالحکومت کے مخصوص طبقے شور کرتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ قومی میڈیا میں بھی اس حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔