سندھ سب سے آگے: کراچی کے علاقے لیاری کی فٹ بال ٹیم نے ناروے فٹ بال کپ جیت لیا

صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے لیاری کی بیٹر فیوچر پاکستان‘ فٹ بال ٹیم نے ناروے کپ انڈر-15 چیمپئن شپ 2025 جیت کر تاریخ رقم کر دی۔
فائنل میں لیاری کی ٹیم نے ناروے کے مقامی کلب جیووِک-لِن کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-2 سے شکست دی۔
احمد علی اور اویس نے فیصلہ کن گول اسکور کیے جبکہ ٹیم نے پورے میچ پر مہارت اور خوداعتمادی کے ساتھ گرفت قائم رکھی۔
دفاعی حکمت عملی اتنی مضبوط رہی کہ مخالف ٹیم کو واپسی کا کوئی موقع نہ ملا۔
بیٹر فیوچر پاکستان نے ٹورنامنٹ کے دوران کُل 9 میچز کھیلے اور تمام میں کامیابی حاصل کرکے ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔
ٹیم نے صرف میدان میں کارکردگی نہیں دکھائی بلکہ ’بیسٹ فیئر پلے ٹیم‘ کا اعزاز بھی حاصل کیا، جس میں 16 ’فیئر پلے گرین کارڈز‘ بھی شامل ہیں جو ان کی نظم و ضبط اور کھیل کی روح کی گواہی دیتے ہیں۔
ٹیم کی اکثریت صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے لیاری سے ہے، تاہم اس میں سندھ کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
پاکستانی ٹیم نے یکم اگست کو گریکر آئی ایف کو 2-4 سے ہرایا، پھر اگلے پلے آف میں گیجلریسن کو 1-4 سے شکست دی، اور فائنل میں جیووِک-لِن کے خلاف فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔
یہ شاندار کارکردگی نہ صرف ایک بڑا ٹائٹل پاکستان کے نام کر گئی بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوا گئی۔